کاروار21؍دسمبر (ایس او نیوز) مرکزی اور ریاستی حکومت کی طرف سے جو حکم نامہ جاری ہوا ہے اس کے مطابق تمام ساحلی علاقوں میں 12ناٹیکل میل کے اندر ’بُل ٹرالر‘ کے ذریعے ماہی گیری پر پابندی لگائی گئی ہے ۔اس کے علاوہ 12ناٹیکل میل کے اندر اورباہر والے ’ایکسلوزیو اکنامک زون‘(ای ای زیڈ) میں تیز روشنی والی ماہی گیری پر بھی پابندی رہے گی۔
اس حکم نامے کے مطابق محکمہ ماہی گیری کے ضلع ڈپٹی ڈائریکٹر کی طرف سے بیان جاری کرتے ہوئے ماہی گیروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ لائٹ فشنگ، بل ٹرالر فشنگ،پلاسٹ یا کسی ممنوعہ چارے کا استعمال کرتے ہوئے تمام غیر سائنسی طریقے سے ماہی گیری کرنا ممنوع رہے گا۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے پر ایسی کشتیوں کو ملنے والی ڈیزل کی قیمت میں سبسیڈی روک دینے کے علاوہ کشتی کا لائسنس اور رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کردیا جائے گا۔ ماہی گیر کشتیوں میں جنریٹر، انورٹر، اضافی بیٹریاں وغیرہ استعمال کرنے پر بھی پابندی لاگو رہے گی۔